صدر زرداری کے پنجاب میں ڈیرے؛ اہم ملاقاتوں کی تیاریاں مکمل
لاہور:صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں ایک بار پھر قیام کا فیصلہ کیا ہے، جس کے پیش نظر گورنر ہاؤس میں رہائش کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے لیے رہائشی ضروریات کے مطابق سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ صدر مملکت کی سکیورٹی اور دیگر افراد کی رہائش کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
صدر آصف زرداری گورنر ہاؤس میں کچھ دن قیام کریں گے۔ اس سلسلے میں وہ آئندہ چند روز میں گورنر ہاؤس لاہور پہنچیں گے، جہاں قیام کےد وران پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
لاہور میں قیام کے دوران صدر زرداری ملکی صورتحال ،پنجاب میں پارٹی کی پوزیشن سمیت دیگر امور پر رہنماوں سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حالیہ دنوں صدر آصف علی زرداری نے گورنر ہاؤس میں قیام کے بعد واپس جاتے ہوئے ملازمین میں بھاری رقم بھی تقسیم کی تھی۔