وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم فیز 4: تیسری خصوصی کمیٹی کا اجلاس

0

 

 

اسلام آباد، – وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم فیز 4 کے حوالے سے تیسری خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خان نے کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے عوامی امور رانا مبشر اقبال اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں علاقائی سطح پر موصول ہونے والی درخواستوں اور مختص کردہ کوٹے کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی، تاکہ اسکیم کی شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

اس موقع پر لیپ ٹاپ اسکیم کی افتتاحی تقریبات اور میڈیا مہم کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے اشتراک سے میڈیا آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کی قیادت وزارت اطلاعات کرے گی۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اعلان کیا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کی مرکزی افتتاحی تقریب 25 جولائی 2025 کو جناح کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود کے مطابق اسکیم کی دیگر تقریبات ملک بھر میں مرحلہ وار منعقد کی جائیں گی، جن کی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

 

ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ قومی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی تک نوجوانوں کی رسائی ہی روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔

 

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یوتھ امپاورمنٹ کے ذریعے ہی پاکستان کے مستقبل کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم نوجوانوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جو انہیں جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.