کراچی: سائٹ ایریا میں فائرنگ کا پرسرار واقعہ پولیس اہلکار جاں بحق — قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار زخمی
کراچی — کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا، نورس چورنگی کے قریب فائرنگ کے ایک پراسرار واقعے میں پولیس اہلکار جان بحق جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ واقعہ مبینہ طور پر دونوں اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پیش آیا۔
پولیس کے مطابق شہید اہلکار کی شناخت وسیم اختر کے نام سے ہوئی ہے، جو گلشن معمار تھانے میں تعینات اور گلستان جوہر کا رہائشی تھا۔ فائرنگ کے بعد موقع پر پہنچنے والی پولیس نے بتایا کہ وسیم اختر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کے بیگ سے دو پستول برآمد کیے گئے۔
دوسری جانب زخمی اہلکار کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک حساس قانون نافذ کرنے والے ادارے سے وابستہ بتایا جا رہا ہے۔ اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت زیرِ علاج ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں اہلکاروں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کر گیا، اور نوبت فائرنگ تک جا پہنچی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر شہید اور دوسرا زخمی ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش مختلف زاویوں سے کی جا رہی ہے، اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور گواہوں کے بیانات کی مدد سے اصل حقائق جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔