لیاری میں کام کے دوران عمارت کی چھت گرنے سے دو خواتین جاں بحق
کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں واقع پانچ منزلہ رہائشی عمارت "حاجی ابراہیم منزل” کے گرنے سے افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں دو خواتین جاں بحق ہو گئیں۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید کھوسو کے مطابق عمارت کی پانچویں منزل پر مکان مالک چھت کی مرمت کا کام کروا رہا تھا، جس کے لیے مزدور لگائے گئے تھے۔ مرمت کے دوران خستہ حال چھت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں عمارت کا ڈھانچہ متاثر ہوا اور حادثہ رونما ہوا۔
عمارت تقریباً 40 سال پرانی تھی اور اس کی حالت انتہائی مخدوش تھی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عمارت کے خستہ حال ہونے کے باوجود اس کی مرمت بغیر اجازت کی جا رہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمارت مخدوش عمارتوں کی فہرست میں شامل نہیں تھی، تاہم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ٹیم موقع پر پہنچ کر عمارت کے اسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
ڈی سی ساؤتھ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مکان مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ریسکیو اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ متاثرہ عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کے وہاں جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ریسکیو آپریشن کے انچارج ہمایوں خان کے مطابق کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے متاثرہ علاقے کو محفوظ قرار دے کر سیل کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ لیاری کے مختلف حصوں میں کئی عمارتیں مخدوش حالت میں موجود ہیں، لیکن انتظامیہ کی جانب سے انہیں مسمار کرنے یا خالی کرانے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں مزید جان لیوا حادثات ہو سکتے ہیں۔