پولیس کی وردیوں میں ملبوس غیر ملکی ڈکیت گینگ کا انکشاف، تین کارندے گرفتار
کراچی : شہر قائد میں پولیس کی وردیوں میں ملبوس غیر ملکی گینگ کی جانب سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے شارع فیصل کے علاقے سے کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے تین اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان پولیس کی وردیاں پہن کر شہر کے مختلف علاقوں میں جعلی ناکے لگا کر شہریوں کو روک کر لوٹ مار کرتے تھے۔ ملزمان ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور دیگر علاقوں میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ اب تک 50 سے زائد وارداتیں کر چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ نے غیر ملکی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا، اور ان وارداتوں کی ویڈیوز پولیس کے پاس موجود ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ملزمان وارداتوں کے بعد کچھ روز کے لیے بیرونِ ملک فرار ہو جاتے تھے تاکہ گرفتاری سے بچ سکیں۔ پولیس کے مطابق گینگ کا ایک اہم رکن تاحال مفرور ہے، جس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، اور توقع ہے کہ مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔