ویسٹ پولیس اہلکاروں کی رشوت ستانی، سوشل میڈیا ویڈیو وائرل، دونوں معطل
کراچی ) ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تھانہ مومن آباد میں تعینات دو پولیس اہلکاروں کی رشوت لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز پر ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، معطل اہلکاروں کو پولیس ہیڈکوارٹر ویسٹ زون میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ڈی ایس پی اورنگی کو واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے کہا کہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی یا غیر قانونی رویے کی کوئی گنجائش نہیں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غفلت یا غیر قانونی عمل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔