کراچی :لیاری میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ گھر کا واحد کفیل جان باغ ہو گیا
کراچی میں گزشتہ روز لیاری کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی، جو سات بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا۔
پولیس کے مطابق واقعہ لیاری کے علاقے میں پیش آیا جہاں مقتول عادل اپنے دوست کے ساتھ برگر کے ٹھیلے پر کھانا کھا رہا تھا کہ اچانک ایک مسلح شخص پیدل آیا اور اس پر فائرنگ کردی۔ حملہ آور نے چار گولیاں چلائیں جن میں سے تین عادل کو لگیں۔
مزید پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص اکیلا نہیں تھا، اس کے تین ساتھی موٹر سائیکل پر قریب موجود تھے۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوتے وقت مزید فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے نکل گئے۔
واقعہ کی ایف آئی آر کلری پولیس نے مقتول کے چھوٹے بھائی کی مدعیت میں درج کرلی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق عادل کی شادی دو ماہ بعد طے تھی۔ مقتول کی نماز جنازہ علاقے کی نورانی مسجد میں ادا کردی گئی۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے، تاہم حتمی رائے تحقیقات کے بعد دی جائے گی۔