کراچی: سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک، ٹی ٹی پی کمانڈر مارا گیا
کراچی : شہر قائد میں دہشت گردوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حساس ادارے کے تعاون سے منگھوپیر کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کی گئی۔ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد منگھوپیر کے علاقے میں ایک گھر میں چھپے ہوئے ہیں اور شہر میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
تین دہشت گرد مارے گئے
جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے، جن میں سے ایک کی شناخت کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر زفران کے طور پر ہوئی، جس کے سر کی قیمت حکومت نے دو کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ دوسرا دہشت گرد قدرت اللہ کے نام سے شناخت ہوا جبکہ تیسرا دہشت گرد ایک خودکش بمبار تھا۔
چینی شہریوں پر حملے میں ملوث
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارا جانے والا ایک دہشت گرد گزشتہ سال کراچی میں چینی شہریوں پر حملے میں ملوث تھا، جبکہ دیگر دہشت گرد شہر میں حساس تنصیبات، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
دستی بم، خودکش جیکٹس اور ڈائری برآمد
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، دستی بم، خودکش جیکٹس اور ایک ڈائری برآمد ہوئی ہے، جس میں اہم اہداف اور ممکنہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلات درج تھیں۔
بڑی دہشت گردی کی سازش ناکام
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ دہشت گرد شہر میں بدامنی اور بڑی تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردی کی سازش ناکام بنادی گئی ہے۔