لانڈھی میں ہارڈ ویئر کی دکان پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق
کراچی : کراچی کے علاقے لانڈھی اولڈ مظفرآباد میں ہارڈ ویئر کی دکان پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت رحیم عرف منا اور قیصر کے نام سے کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول قیصر دکان کا مالک تھا جبکہ رحیم عرف منا دکان سے سامان لینے آیا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رحیم عرف منا کا کرمنل ریکارڈ موجود تھا اور وہ ماضی میں 6 سے 7 مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔
حکام کے مطابق رحیم عرف منا کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان خاص طور پر رحیم عرف منا کو ٹارگٹ کرنے آئے تھے، تاہم فائرنگ کے نتیجے میں دکاندار قیصر بھی گولیوں کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔