کراچی: رشتے کے تنازع پر فائرنگ، ایک شخص جاں
کراچی کے علاقے قائد آباد کے مسلم آباد میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں فریقین بات چیت کے لیے جمع ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اسد کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں اسد کا والد اور دو بھائی شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسد کا اپنی بہن کے رشتے کے معاملے پر انیس نامی شخص سے تنازع چل رہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ آج دونوں فریقین معاملہ حل کرنے کے لیے بیٹھے تھے کہ اچانک انیس نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
فائرنگ کے بعد ملزم انیس موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تاہم پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مفرور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔