ڈسٹرکٹ جیل ملیر واقعہ: وزیرِ جیل خانہ جات کا سخت نوٹس، تین افسران و اہلکار معطل

0

کراچی: وزیرِ جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں ملاقات کے دوران خواتین ملاقاتیوں کو ہراساں کرنے اور رشوت طلب کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔

وزیر نے واضح کیا کہ جیلوں میں بدعنوانی اور ہراسانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ملاقات کے نظام کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

واقعے کی ابتدائی کارروائی میں تین اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جن میں اے ایس آئی عزیزاللہ، اے ایس آئی عباس ابڑو اور کانسٹیبل علی شیر سومرو شامل ہیں۔

انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سندھ فداء حسین مستوئی نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ خواتین ملاقاتیوں کی عزتِ نفس اور تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق جیلوں میں بدسلوکی اور کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی جیل کراچی ریجن کو انکوائری سونپ دی گئی ہے جبکہ محکمانہ انکوائری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.