کراچی: رینجرز اور پولیس کا اسٹریٹ کرائم کے خلاف بڑا ایکشن، دو ملزمان گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لانڈھی ٹاؤن کے علاقے 36-B سے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اکبر سعید اور سید معیز ذکی زیدی کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ ایمونیشن اور مسروقہ موبائل فون برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں دونوں ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جبکہ انہوں نے کالا پل کے قریب ایک دکان میں ڈکیتی کرنے کی بھی تصدیق کی ہے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر فراہم کریں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
—