جامشورو: لیاقت یونیورسٹی کے ڈی این اے ٹیسٹنگ لیب کی سندھ پولیس کو انتباہ

0

جامشورو کی لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے فارنزک اینڈ مالیکیولر بایولوجی لیبارٹری نے سندھ پولیس کو خط لکھ کر خبردار کیا ہے کہ بقایا جات کی عدم ادائیگی کے باعث اب مزید کیسز وصول کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

 

لیبارٹری انچارج پروفیسر ڈاکٹر علی محمد وریاہ کے مطابق مارچ 2023 سے دسمبر 2024 تک 1200 مقدمات میں تقریباً 7 ہزار ڈی این اے ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ جنوری 2025 سے جون 2025 تک مزید 300 نئے کیسز موصول ہوئے جن میں 2200 نمونے شامل ہیں، تاہم فنڈز کی کمی کے باعث یہ تمام کیسز زیر التواء ہیں۔

 

خط میں بتایا گیا ہے کہ اب تک بقایا رقم 4 کروڑ 20 لاکھ روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔ مالی مشکلات کے باعث لیبارٹری نے واضح کر دیا ہے کہ بغیر پیشگی فیس کے اب نئے کیسز قبول نہیں کیے جائیں گے۔

 

مزید کہا گیا ہے کہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر سے جمع شدہ کیسز کے تجزیے اور بروقت ڈی این اے رپورٹس پر بھی اثر پڑے گا۔

 

یہ خط سندھ پولیس کے ایڈیشنل آئی جی فنانس کو بھیجا گیا ہے جبکہ اس کی نقول ہائی کورٹ رجسٹرار، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.