کراچی: ساجد مسیح اور ثنا آصف کا نکاح نامہ اور اہم دستاویزات منظر عام پر آگئیں

0

کراچی: کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب قتل ہونے والے نوجوان جوڑے کے حوالے سے تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نکاح نامہ اور دیگر دستاویزات سامنے آگئی ہیں۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین کی شناخت ساجد مسیح اور ثنا آصف کے نام سے ہوئی تھی جنہوں نے 20 جولائی کو کورٹ میرج کی تھی۔ نکاح نامے کے مطابق ساجد مسیح کی عمر 28 برس جبکہ ثنا آصف کی عمر 25 برس درج ہے۔

 

دستاویزات کے مطابق ساجد مسیح نے شادی سے قبل اسلام قبول کیا تھا اور اپنا نام تبدیل کر لیا تھا، جس کی تصدیق بھی نکاح نامے کے ساتھ منسلک حلف نامے سے ہوئی ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ دونوں کا تعلق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تھا اور شادی کے بعد وہ کراچی میں مختلف علاقوں میں مقیم تھے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اور جائے وقوعہ سے ملنے والے دو پستولوں کے خول اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ واقعے میں کم از کم دو افراد ملوث تھے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقتولین کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ قتل کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے شادی اور مذہب کی تبدیلی سے متعلق ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا ہے اور معاملے کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.