کراچی: پاپوش تھانے کے عقب میں پولیس مقابلے میں ملزم ہلاک
کراچی میں تھانہ پاپوش کے عقب ندی کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عباس ولد عبدالمجید کے نام سے ہوئی، جسے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عباس لاک اپ سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکاروں کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم پولیس اہلکاروں کی غفلت کے باعث تھانے سے بھاگنے میں کامیاب ہوا، تاہم فرار کے دوران پولیس مقابلہ پیش آیا۔
حکام کے مطابق غفلت برتنے والے اہلکاروں اور فائرنگ کرنے والے اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے، اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔