ملیر میں غیر ملکی خاتون کے زخمی ہونے کا کیس مقدمہ درج
مقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملت گارڈن میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ سعود اباد تھانے میں درج کرلیا گیا، جس میں ایک غیر ملکی خاتون شدید زخمی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق مقدمہ زخمی خاتون کے بیٹے معیز الطاف کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق معیز الطاف نے بیان دیا کہ وہ 2 اگست کو اپنی والدہ دیلیہ البرطو اور دیگر افراد کے ہمراہ جاپان سے بینکاک کے راستے کراچی پہنچے تھے۔ تین گھنٹے کے قیام کے بعد کراچی ایئرپورٹ آنے کے بعد وہ آن لائن ٹیکسی کے ذریعے ملت گارڈن میں اپنے والد کے گھر پہنچے۔
مدعی نے بتایا کہ رات تقریباً 12 بجے جب وہ گھر کے دروازے پر پہنچے اور کھٹکھٹایا تو اچانک گھر کے اندر سے ان پر براہ راست فائرنگ کردی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ان کی والدہ دیلیہ البرطو دو گولیوں کا نشانہ بنیں اور زمین پر گر گئیں۔
مدعی کے مطابق فائرنگ کرنے والا اس کا چچا دانش الطاف تھا، جسے دادا اور دیگر رشتہ داروں نے بھی اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
زخمی خاتون کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔