ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام قتل کیس؛ تفتیشی پیش رفت کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ساوتھ زون کراچی کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام کے قتل کیس کی تفتیش اور پراسیکیوشن کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندے اور سندھ پولیس و پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ کے افسران شامل ہیں۔ یہ کمیٹی کیس کی مؤثر پیروی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات تجویز کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق قتل کیس کی ایف آئی آر نمبر 593/2025 تھانہ درخشاں میں درج ہے جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 324، 109، 34 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 7/ATA شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ یکم اگست 2025 کو درج کیا گیا۔
کمیٹی کے ارکان
بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بیرسٹر محمد سرفراز علی میتلو (صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن)، محمد راحب لاکھیو (نائب صدر)، مرزا سرفراز احمد (ایس سی، اعزازی سیکریٹری) اور وسیم سیف کھوسو (جوائنٹ سیکریٹری) شامل ہیں۔
پراسیکیوشن و پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ساوتھ زون سید اسد رضا، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر اسد اللہ میتلو، ایس ایس پی ساوتھ محظور علی اور ایس پی انویسٹی گیشن I ساوتھ سید علی حسن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن پر ڈی آئی جی ساوتھ زون سید اسد رضا کے دستخط موجود ہیں اور اس کی کاپی متعلقہ افسران و اداروں کو ارسال کر دی گئی ہے۔