شاہ لطیف تھانے میں نوجوان کی ہلاکت ایس ایچ او اور ہیڈ محرر گرفتار مقدمہ درج

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر تھانے کے اندر نوجوان کے قتل کے معاملے پر ایس ایس پی ملیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی ابتدائی انکوائری مکمل کرلی۔ انکوائری کے دوران انکشاف ہوا کہ نوجوان کو تھانے کے اندر گولی مار کر قتل کیا گیا۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق عاطف اور شاہ زیب نامی ملزمان نے نوجوان کو تھانے لا کر فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔ دونوں ملزمان ایس ایچ او صدرالدین میرانی اور ہیڈ محرر کی اسپیشل پارٹی سے وابستہ تھے اور واردات کے وقت ایس ایچ او صدرالدین میرانی اور کانسٹیبل فیاض سے رابطے میں تھے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق واردات کے شواہد مٹانے کی کوشش کی گئی، جائے وقوعہ کو پانی سے دھو دیا گیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج ڈیلیٹ کردی گئی۔ اس ضمن میں ملزمان کو غیرقانونی سہولت کاری فراہم کرنے پر ایس ایچ او صدرالدین میرانی اور ہیڈ محرر سلیم مغل کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واقعے کی ایف آئی آر نمبر 1137/2025 بجرم دفعہ 302، 201 اور 34 کے تحت درج کی گئی ہے۔ پولیس نے عاطف اور شاہ زیب کو گرفتار کرلیا جبکہ ایس ایچ او صدرالدین میرانی اور ہیڈ محرر سلیم مغل کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.