کراچی: پی ٹی آئی ریلی میں ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج، 12 کارکن گرفتار

0

کراچی: پی ٹی آئی ریلی میں ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج، 12 کارکن گرفتار

 

پولیس نے یونیورسٹی روڈ پر ریلی کے دوران ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور ٹریفک میں خلل ڈالنے کے الزام میں تحریک انصاف کراچی کے صدر، 7 رہنماؤں سمیت 550 کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ یہ مقدمہ تھانہ پی آئی بی میں سرکار کی مدعیت میں درج ہوا۔

 

پولیس کے مطابق 5 اگست کو گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت راجہ اظہر، فردوس شمیم نقوی، ارسلان خالد، عواب علوی، سیف الرحمن اور عالمگیر خان سمیت دیگر رہنما کر رہے تھے۔ ریلی میں 500 سے 600 افراد شریک تھے جنہوں نے ٹریفک روک دیا اور پولیس کو منتشر کرنے کی کوشش ناکام ہونے پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے جوابی کارروائی میں شیلنگ کی، جس سے شرکاء منتشر ہوگئے۔

 

ایف آئی آر کے مطابق پتھراؤ کے نتیجے میں تھانہ عزیز بھٹی کے ہیڈ محرر اعجاز زخمی ہوگئے۔ واقعے کے دوران شرکاء گلیوں میں فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ نمبر 25/311 درج کرتے ہوئے 12 کارکنان کو گرفتار کرلیا جبکہ 500 سے زائد نامعلوم ملزمان مفرور ہیں۔ مقدمہ میں دفعات 147، 148، 149، 186، 353 اور دیگر شامل ہیں۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.