پہلوان گوٹھ میں دہرے قتل اور تین افراد کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میں دو روز قبل ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوانوں کے جاں بحق اور تین افراد کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق واردات کا مقدمہ الزام نمبر 573/25 انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقتول مظہر عباس کے والد محمد علی شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔

 

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مدعی امام بارگاہ سے گھر جا رہا تھا کہ اطلاع ملی نورانی آئل ٹریڈرز کے باہر فائرنگ ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے پر دیکھا کہ بیٹا مظہر عباس، علی جواد عرف علی وارث اور ان کے تین دوست زخمی حالت میں موجود تھے۔ زخمیوں کو چنگچی رکشوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مظہر عباس اور علی جواد کی موت کی تصدیق کردی۔

مدعی کے مطابق واقعہ کے وقت مقتولین اپنے دوستوں کے ہمراہ دکان کے باہر کرسیوں پر بیٹھے تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان آئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی۔ دو ملزمان قمیض شلوار اور دو پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس اور دہشت پھیل گئی۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.