اغوا اور قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام
کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن نے اغوا اور قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئےملزم انیق خان کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق ملزم آزاد کشمیر پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے۔ملزم نے کراچی ایئرپورٹ سے قطر فرار ہونے کی کوشش کی۔ملزم کے خلاف قتل اور اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔ملزم کے خلاف گزشتہ ماہ مقدمہ درج ہوا تھا جبکہ ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو آزاد کشمیر پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔