جعلی پولیس اہلکاروں کی ایک اور واردات، انگلینڈ سے آنے والی فیملی لوٹ لی گئی
کراچی: شہرِ قائد میں جعلی پولیس اہلکاروں کی دیدہ دلیری میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے۔ حالیہ واقعے میں انگلینڈ سے کراچی آنے والی ایک فیملی کو ایئرپورٹ سے گھر جاتے ہوئے شفیق موڑ کے قریب اسلحے کے زور پر لوٹ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کار سوار ملزمان نے سائرن اور واکی ٹاکی کے ذریعے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا اور گاڑی کو روکا۔ جعلی پولیس اہلکاروں نے اسلحہ نکال کر گاڑی میں سوار افراد کو یرغمال بنا لیا اور نقدی و زیورات لوٹ لیے۔
واردات میں فیملی سے 15 ہزار روپے نقد، 9 تولہ سونا، اور 2 ہزار برطانوی پاؤنڈ لوٹ لیے گئے۔ ملزمان خواتین کے طلائی زیورات، چوڑیاں، کنگن، انگوٹھیاں اور ٹاپس بھی ساتھ لے گئے۔ اسی دوران گاڑی کے ڈرائیور سے بھی 7 ہزار روپے چھین لیے گئے۔
متاثرہ شہری دانیال کی مدعیت میں تیموریہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
شہری حلقوں نے اس واردات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔