کراچی: راشد منہاس روڈ پر خوفناک حادثہ، 2 جاں بحق، 1 زخمی — مشتعل افراد نے 7 ڈمپر نذرِ آتش کر دیے
کراچی میں رات گئے راشد منہاس روڈ صغیر سینٹر کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ڈمپر نمبر TKS-380 نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار بیٹا اور بیٹی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ والد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور جاں بحق و زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا۔ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر کے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا۔
ایس پی گلبرگ، ایس ڈی پی او عزیزآباد اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔ حادثے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور مشتعل افراد نے جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر عبداللہ سینٹر کے قریب آنے والے ڈمپرز کو روک کر آگ لگا دی۔ اس واقعے میں 7 ڈمپر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔
فائر بریگیڈ کو فوری طلب کیا گیا، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں اور ڈمپرز کو نذرِ آتش کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔