مچھر کالونی میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کے قتل کا ملزم گرفتار

0

کراچی — تفتیشی ٹیم نے ڈاکس پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مچھر کالونی میں فائرنگ کر کے پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔

 

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق واقعہ گزشتہ روز مچھر کالونی میں پیش آیا، جہاں 19 سالہ احمد کو گھر کے اندر گھس کر گولیاں مار دی گئیں، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

 

پولیس کے مطابق مقتول نے تین ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس پر لڑکی کے والد شیر خان، چچا اور مقتول کے کرایہ دار اصغر علی نے مل کر گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد تمام ملزمان فرار ہو گئے تھے۔

 

ڈی آئی جی نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزم اصغر علی ولد حیدر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.