کراچی: منگھوپیر میں مشترکہ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)، وفاقی حساس ادارے اور پولیس نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے منگھوپیر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم “فتنہ تل خوارج” (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دو دہشتگردوں کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالوکیل اور اجمل کے نام سے ہوئی، جو افغانستان کے معروف عسکری کیمپ سے تربیت یافتہ ہیں اور انتہائی مطلوب دہشتگرد شریف اللہ کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق قلعہ عبداللہ، بلوچستان سے ہے اور انہیں کراچی میں کسی بڑی کارروائی کے لیے بھیجا گیا تھا، جس کے بعد انہیں ٹارگٹ دیا جانا تھا۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انٹیروگیٹ کیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف مقدمات تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں درج کیے جائیں گے۔