کراچی: لیاری ایکسپریس وے پر فائرنگ، معروف ڈاکٹر لعل جاں بحق
کراچی — لیاری ایکسپریس وے پر علیشان مسجد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں معروف ڈاکٹر لعل جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول ڈاکٹر گارڈن کے رہائشی تھے اور کلاکوٹ تھانے کے سامنے ان کا کلینک واقع تھا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر لعل روزانہ لیاری ایکسپریس وے پر چہل قدمی کیا کرتے تھے اور آج بھی وہ اسی مقصد کے لیے وہاں پہنچے تھے۔ جیسے ہی وہ ایکسپریس وے پر چڑھ رہے تھے، دو نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوع سے دو گولیوں کے خول برآمد کر لیے ہیں۔ کرائم سین یونٹ موقع پر موجود ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔