ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کا کراچی یونیورسٹی کی جدید ڈی این اے لیب کا دورہ
کراچی — ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کراچی رینج شوکت علی کھٹیان نے منگل کے روز کراچی یونیورسٹی میں قائم جدید ترین ڈی این اے لیبارٹری (ICCBS) کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر ICCBS ڈاکٹر محمد رضا شاہ، انچارج سندھ فارنزک ڈی این اے اینڈ سرولوجی لیبارٹری اشتیاق احمد خان اور دیگر تکنیکی ماہرین بھی موجود تھے۔
افسران نے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کو لیبارٹری میں موجود جدید مشینری، ڈی این اے سیمپلز کے تجزیے کے مراحل اور شواہد کی سائنسی جانچ کے عمل پر بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن نے کہا کہ یہ لیب پولیس کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جو پیچیدہ مقدمات کے حل اور عدالتوں میں سائنسی بنیادوں پر مضبوط شواہد پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے لیب کے عملے کی پیشہ ورانہ محنت کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شواہد کے تجزیے میں عالمی معیار اور شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔
دورے کے اختتام پر انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ماہرین سے ملاقات میں ڈی این اے ٹیسٹ اور رپورٹس کی بروقت فراہمی کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔