کراچی : ڈیفنس میں ماں نے اپنی دو کمسن بچوں کو ذبح کر کے قتل کر دیا
کراچی کے علاقے خیابانِ مجاہد اسٹریٹ نمبر 10 میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ماں نے اپنے ہی دو کم عمر بچوں کو ذبح کر دیا۔ ایس ایس پی سائوتھ محزور علی کے مطابق ملزمہ ادیبہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول بچوں کی شناخت چار سالہ سمیحہ غفران اور سات سالہ زرار غفران کے نام سے ہوئی ہے۔ والدین میں 2024 میں عدالت کے ذریعے طلاق ہو چکی تھی اور بچوں کی حوالگی والد کو دی گئی تھی، تاہم بچے وقتاً فوقتاً اپنی والدہ سے ملنے آتے تھے۔
بچوں کے والد کے ملازم خان بادشاہ کے مطابق روزانہ دوپہر میں بچوں کو والدہ کے گھر چھوڑا جاتا تھا اور شام کو واپس لے جایا جاتا تھا، لیکن کل شام معمول کے برعکس والدہ نے بچوں کو اپنے پاس رکھنے کا کہا۔ اگلے روز اطلاع ملنے پر جب گھر پہنچا گیا تو بچوں کی لاشیں باتھ روم سے برآمد ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نفسیاتی مسائل کا شکار بتائی جاتی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔