خیبرپختونخوا: باجوڑ اور بٹگرام میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 20 افراد جاں بحق
*جبراڑئی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، بھاری پہاڑی پتھر گرنے سے 7 گھر منہدم، کئی افراد ملبے تلے دب گئے، بٹگرام کے نیل بند گاؤں میں سیلابی ریلے بہنے والے 10 افراد کی لاشیں مل گئی، 18 کی تلاش جاری*
خیبرپختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور بٹگرام میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوگئے،
باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے علاقے جبراڑئی میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 گھر منہدم ہونے کے باعث کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے علاقہ جبراڑئی میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بھاری پہاڑی پتھروں کی زد میں آکر 7 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، ملبے تلے دب کر 10 جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوگئے۔
علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور ریسکیو ٹیموں کے لیے راستہ مکمل طور پر بند ہے، امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، سالارزئی برسدین جبراڑئی گاؤں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایکسکیویٹر پہنچائے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے باجوڑ کی صورتحال کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے ۔
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر روانہ کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں کیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ ریسکیو کاروائیوں کی خود نگرانی کریں، وزیراعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ خصوصا دیر اور سوات کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر، بٹگرام میں نیل بند گاؤں میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے جبکہ مزید 18 افراد کی تلاش جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام سلیم خان کے مطابق ضلع بٹگرام اور مانسہرہ کی سرحد پر واقع نیل بند گاؤں میں گزشتہ رات آسمانی بجلی گرنے سے 5 مکانات تباہ ہوگئے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔
سیلابی ریلے سے شملائی مندروالی کے مقام پر اب تک 10 لاشیں ندی سے برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، پولیس اور مقامی رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔