کورنگی بلال کالونی میں نوجوان کی خودکشی، والد کی دوسری شادی پر دل برداشتہ ہوکر زندگی کا خاتمہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی بلال کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 21 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر والد کی دوسری شادی پر دل برداشتہ ہو کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق واقعہ گھر کے اندر پیش آیا۔ نوجوان کی شناخت ثاقب کے نام سے ہوئی ہے جو گولی لگنے سے جاں بحق ہوا۔
ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ثاقب کے والد نے تقریباً ایک ماہ قبل اہل خانہ کو بتائے بغیر دوسری شادی کرلی تھی۔ ثاقب کو آج اس بات کا علم ہوا تو اس نے شدید دل گرفتگی کے عالم میں خود کو گولی مار لی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔
ایس ایس او محمد علی کے مطابق جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے پستول کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ہتھیار کس کا تھا اور نوجوان تک کیسے پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں حتمی حقائق سامنے آئیں گے۔