شہر قائد میں پولیس کی ہوائی فائرنگ روکنے میں ناکامی کی اصل وجہ سامنے آگئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جشنِ آزادی کے موقع پر شہر قائد میں ہوائی فائرنگ کے بڑھتے واقعات کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکار بھی ہوائی فائرنگ میں ملوث رہے۔
ذرائع کے مطابق کورنگی غریب نواز پولیس چوکی پر جشنِ آزادی کی تقریب میں پولیس اہلکاروں نے نہ صرف خود ہوائی فائرنگ کی بلکہ پولیس قومی رضا کار کی ایک خاتون اے ایس آئی سے بھی فائرنگ کرائی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار خاتون کو پستول چلانے کا طریقہ سمجھا رہا ہے اور بعدازاں خاتون کو ہوائی فائرنگ کرتے بھی دیکھا گیا۔
ایس ایچ او کورنگی نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو کی روشنی میں کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور خاتون افسر سمیت فائرنگ میں ملوث دیگر اہلکاروں کے خلاف محکمانہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب خود پولیس اہلکار ہی قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو عام افراد کو اس عمل سے باز رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔