کراچی: فش ہاربر میں نجی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی
کراچی کے علاقے فش ہاربر میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نجی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹ لی۔ پولیس کے مطابق واردات پی کے انٹرنیشنل فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ملازمین کے ساتھ پیش آئی، یہ رقم ملازمین کو بونس کی مد میں تقسیم کی جانی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی اور جس بینک سے رقم نکالی گئی، دونوں کے درمیان زیادہ فاصلہ موجود نہیں تھا۔ واردات کے وقت عملے کے ساتھ موجود سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت نہیں کی جبکہ کمپنی کے باہر تعینات گارڈ بھی فائرنگ نہ کرسکا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کو بینک سے رقم نکلوانے کے حوالے سے پہلے سے اطلاع تھی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے اور عملے سمیت سیکیورٹی گارڈز کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق بینک سے نکالی گئی رقم کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکا بندی کر دی گئی ہے جبکہ کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔