سی ٹی ڈی: ماتلی قتل کیس میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” ملوث
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ سندھ آذاد خان نے انکشاف کیا ہے کہ بدین کے علاقے ماتلی میں 18 مئی کو ہونے والا سماجی شخصیت کا قتل بھارتی خفیہ ایجنسی را کی سازش تھی۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ قتل 9 اور 10 مئی کے تنازع کے بعد کیا گیا، جس کے فوراً بعد بھارتی میڈیا نے واقعے کو نمایاں طور پر نشر کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ملزمان کی ٹریول ہسٹری سامنے آچکی ہے، جبکہ را ایجنٹ سنجے کمار عرف فوجی کی بھارتی شناختی تفصیلات اور بینک ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان وہی ہیں جو جولائی میں گرفتار ہوئے تھے۔ سجاد، شکیل اور عبید واردات کے وقت موقع پر موجود تھے جبکہ دیگر دو ملزمان کو حیدر آباد سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں اور واردات میں استعمال ہونے والے گولیوں کے خول میچ ہوگئے ہیں۔
آذاد خان نے کہا کہ مقتول علاقے میں اچھی شہرت کے حامل تھے تاہم کوئی بڑی شخصیت نہیں تھے۔ گرفتار ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں پہلی بار "ہٹ کرنے والی ٹیم” کو گرفتار کیا گیا ہے، اس سے قبل زیادہ تر ریکی کرنے والے ہی پکڑے جاتے رہے ہیں۔