کراچی میں ڈکیت ایس ایس پی کے گھر کا صفایا کر گئے
ایس ایس پی توحید الرحمان ترجمان سندھ حکومت اقربا فاطمہ کے شوہر بھی ہیں
پیپلزپارٹی کی رہنما اقربا فاطمہ اور ایس ایس پی توحید الرحمٰن میمن کے گھر ڈکیتی کی واردات،مسلح ملزمان نے گھروالوں کو یرغمال بناکر قیمتی سامان لوٹ لیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈکیت اہلخانہ کو یرغمال بنا کر ایس ایس پی کے گھر کا صفایا کرگئے۔
ایس ایس پی توحید الرحمان کے ڈیفنس میں گھر پر ڈکیتی کی واردات ہوئی، مسلح ملزمان نے ایس ایس پی کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان 90 لاکھ روپے مالیت کے ڈالرز، 10 لاکھ پاکستانی روپے، ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کے زیورات اور فونز لے گئے۔
پولیس کے مطابق واردات کے وقت گن مین سرکاری رائفل تکیے ک نیچے رکھ کر سو رہا تھا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ بنگلے میں تعینات کانسٹیبل فیصل الطاف کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق چوری میں گھر کے ملازمین ملوث لگتے ہیں۔
پولیس حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ واردات کے وقت اہلِ خانہ گھر پر موجود نہیں تھے، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کر لی،وزیر داخلہ نے پولیس کو جلد از جلد ڈاکوؤں کی گرفتاری کی بھی ہدایت کر دی۔