گزری میں فائرنگ قانون کی تعلیم حاصل کرنے والا نوجوان جانبہک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گزری بی این ٹی کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان خالد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا جب جھگڑے کے دوران فائرنگ کی گئی۔ واقعے میں خالد کے ساتھ عمران اور کفیل بھی زخمی ہوئے تھے۔ زخمی ملزم عمران کو اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ راہگیر کفیل گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
اہل خانہ کے مطابق مقتول خالد قانون کی تعلیم حاصل کر رہا تھا اور اگلے ماہ اس کی شادی ہونا تھی۔ خالد کے والد نے بتایا کہ وہ ان کا اکلوتا بیٹا تھا اور اس کی اچانک موت نے ان کی زندگی اندھیر کر دی ہے۔ خالد کے دوست نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں جرائم پیشہ گروہ سرگرم ہیں لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
علاقہ مکینوں نے شکوہ کیا ہے کہ کورنگی پی این ٹیز کالونی اور اطراف میں لوٹ مار اور فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی۔ ورثا اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے۔