ایبٹ آباد: ڈمپر نے اسکول جانے والے طلبہ کو کچل ڈالا، 3 بچے جاں بحق، 5 شدید زخمی
ایبٹ آبادمیں ڈمپر نے سڑک عبور کرنے والے اسکول کے طلبہ کو روند ڈالا، حادثے میں 3 بچے جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔
واقعہ ایبٹ آباد میں ایف بی آر آفس کے قریب لیڈی گارڈن کے سامنے پیش آیا، ڈمپر نے نجی اسکول کے سڑک عبور کرنے والے طلبہ کو کچل ڈالا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم 3 بچے موقع پر جان کی بازی ہارگئے جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 10 سالہ ریحان ولدطیفل، 14سالہ منال ولد ایاز، 13 سالہ سعاد شامل ہیں اور زخمیوں میں 5 سالہ عروہ، 13 سالہ سویرا، 15 سالہ یشفا اور 11 سالہ احتشام شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے بچوں کے جسد خاکی اور زخمی ہونے والے بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔
حادثے کے بعد بچوں کے لواحقین نے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔