ڈسٹرکٹ سینٹرل میں انوکھی واردات، کار سوار ملزمان نے نوجوان کو اغوا کر کے ہتھوڑے سے زخمی کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اغوا اور ڈکیتی کی انوکھی واردات پیش آئی ہے، او ایل ایکس پر موبائل فون کا اشتہار دینا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا۔ پولیس کے مطابق عزیزآباد بلاک 8 سے کار سوار ملزمان موبائل فون چیک کرنے کے بہانے سعد یونس نامی نوجوان کو گاڑی میں بٹھا کر اغوا کر کے لے گئے۔ ملزمان نے نوجوان پر تشدد کیا اور ہتھوڑے کے وار کرکے سر لہولہان کردیا۔
زخمی نوجوان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غریب آباد ریلوے پھاٹک کے قریب چلتی گاڑی سے چھلانگ لگادی اور جان بچائی۔ واردات کے دوران کار سوار ملزمان اینٹی کرپشن کے افسر کا نام لیتے رہے اور نوجوان کا آئی فون لیکر فرار ہوگئے۔ سعد یونس کو شدید زخمی حالت میں پہلے نجی اسپتال اور بعد ازاں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔