کمسن ملازمہ پر بد ترین تشدد ،میاں بیوی گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 طارق روڈ کے قریب کمسن گھریلو ملازمہ پر سفاکانہ تشدد کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں فلیٹ کے مکین میاں بیوی نے 12 سالہ زینب کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ بچی کی والدہ نے بیان دیا کہ 31 اگست کو مالکن نے فون کرکے بتایا کہ آپ کی بیٹی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ بعد ازاں انکشاف ہوا کہ بچی پر شدید تشدد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق زینب کو گرم استری سے جلایا گیا، اس کے جسم، کمر، بازو اور ٹانگوں سمیت مختلف حصوں پر جلنے کے واضح نشانات موجود ہیں۔
شدید زخمی حالت میں کمسن ملازمہ کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔ فیروز آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمہ کے ساتھ اس قدر سفاکی اور بے دردی کی مثالیں شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتی ہیں۔ پولیس حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔