اڈیالہ جید کے باہر صحافیوں پر تشدد — کراچی پریس کلب کی شدید مذمت

0

اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد — کراچی پریس کلب کی شدید مذمت

صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل خان اور مجلسِ عاملہ کا ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی اور صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ

کراچی: کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل خان اور مجلسِ عاملہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ صحافیوں پر حملہ آزادیٔ صحافت اور جمہوری اقدار پر حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں-انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافی ہر حال میں عوام تک سچائی پہنچانے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ایسے افسوسناک واقعات سے آزادی اظہار رائے کو دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکے گی۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنان کی سیاسی تربیت کرنی چاہیے تاکہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کا اعادہ نہ ہو سکے۔ ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے فروغ کے لیے سیاست اور صحافت ناگزیر ہیں۔ ایک کا زوال دوسرے کا زوال اور ایک کا عروج دوسرے کا عروج ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کو گرانے کے بجائے ایک دوسرے کا دست و بازو بننے کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو ہراسانی اور تشدد سے محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس حوالے سے سخت پالیسی مرتب کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے

 

کلب

Leave A Reply

Your email address will not be published.