کورنگی میں شادی کے روز پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا دولہا گھر پہنچ گیا
کراچی: کورنگی مدینہ کالونی سے شادی کے دن مبینہ طور پر اغوا ہونے والا دولہا جہانزیب گھر واپس آگیا۔ پولیس کے مطابق تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ جہانزیب کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ وہ خود گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جہانزیب شادی کے روز سیلون جانے کا کہہ کر نکلا تھا اور اپنا موبائل فون بھی گھر چھوڑ گیا تھا۔ ابتدائی بیان میں جہانزیب نے بتایا کہ رشتہ گھر والوں کی مرضی سے طے ہوا تھا لیکن شادی کے دباؤ کے باعث ذہنی طور پر پریشان تھا۔ اسی پریشانی کے باعث اس نے گھر چھوڑا اور کئی دن رات سڑکوں پر گزارے۔
یاد رہے کہ جہانزیب کے مبینہ اغوا کا مقدمہ زمان ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق جہانزیب سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ معاملے کی مکمل حقیقت واضح کی جا سکے۔