اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کی کاروائی دو بھتہ خور ہلاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور بھتہ خوروں کے درمیان آل آصف اسکوائر کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی ایس آئی یو امجد احمد شیخ کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت عبدالہادی اور سعید کے نام سے ہوئی، جو لیاری گینگ وار کمانڈر صمد کاٹھیاواڑی گروہ کے اہم کارندے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان انتہائی خطرناک اور پولیس کو مطلوب تھے جن پر بھتے، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، اسلحہ اور بارودی مواد رکھنے جیسے سنگین نوعیت کے 25 سے زائد مقدمات درج تھے۔ ملزمان نے چند روز قبل سہراب گوٹھ میں تھلے کے مالک سے 50 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا اور بھتہ نہ دینے پر اس کے گھر پر فائرنگ بھی کی تھی۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم عبدالہادی سال 2021 میں بارودی مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار ہوچکا تھا، جبکہ دونوں نے سال 2020 میں فائرنگ کرکے ایک شہری کو قتل بھی کیا تھا۔ پولیس نے موقع سے دو نائن ایم ایم پستول، گولیاں، بھتہ طلبی میں استعمال ہونے والا موبائل فون، سم اور 125 سی سی موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔
ہلاک ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کے لیے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔