ایف آئی اے کراچی زون کی بڑی کارروائیاں، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کراچی زون نے ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے دو اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اور اسٹیٹ بینک سرکل کی مشترکہ کارروائی کے دوران ملزمان محمد اسامہ اور امیان انور کو کراچی کے علاقے صدر اور کلفٹن سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 84 لاکھ روپے سے زائد کی پاکستانی کرنسی برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے بھاری رقوم بیرون ملک ٹرانسفر کرتے تھے۔ ملزمان کاروباری ادائیگیوں کے نام پر دبئی اور بنگلہ دیش رقوم منتقل کرنے میں ملوث پائے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی کے دیگر شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں، تاہم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے ملزمان حکام کو مطمئن نہ کرسکے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔