ہیروگیٹ سے کراچی تک… چوری شدہ لگژری گاڑی کی بین الاقوامی نقل و حرکت کا سراغ

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)
برطانیہ سے چوری ہونے والی لگژری گاڑی کا سراغ کراچی میں ملنے کے بعد پولیس نے انٹرپول کو باضابطہ طور پر جوابی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے انٹرپول سے گاڑی کے سیٹلائٹ ٹریکر کا تفصیلی ایکٹیویٹی لاگ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ کے مطابق مراسلے میں خصوصی طور پر فروری 2025 سے اب تک گاڑی کے ٹریکر کی سرگرمیوں کا مکمل ریکارڈ مانگا گیا ہے، تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ چوری کے بعد گاڑی کن کن ممالک میں دیکھی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک میں مہنگی گاڑیوں میں سیٹلائٹ ٹریکر نصب ہوتا ہے، جس کی مدد سے گاڑی کی بین الاقوامی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جاسکتا ہے۔

انٹرپول کے ابتدائی خط میں چوری شدہ گاڑی کی لوکیشن کراچی کے علاقے کورنگی روڈ اعظم بستی کی ظاہر کی گئی تھی، جس کے بعد شہر بھر میں متعلقہ پولیس تھانوں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر چوری شدہ کالی رینج روور اسپورٹس سے ملتی جلتی کوئی گاڑی نظر آئے تو اس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی کا کہنا ہے کہ گاڑی کی برآمدگی کے بعد یہ معلوم کیا جائے گا کہ وہ قانونی یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئی۔ برطانوی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں یورپ میں آسانی سے سفر کر سکتی ہیں اور ممکنہ طور پر چوری شدہ گاڑی جعلی دستاویزات کے ذریعے ایشیا لائی گئی ہوگی۔

واضح رہے کہ کالی رینج روور اسپورٹس نومبر 2022 میں برطانوی قصبے ہیروگیٹ سے چوری کی گئی تھی، جس کی ٹریکر رپورٹ میں حال ہی میں کراچی میں اس کی موجودگی ظاہر ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.