سہراب گوٹھ میں جنرل کونسلر کے دفتر پر فائرنگ، ملزمان فرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
سہراب گوٹھ کے علاقے جمالی گوٹھ گلزار ہجری، نزد جمالی پل پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے جنرل کونسلر کے دفتر پر فائرنگ کر دی اور موقعے سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس-15 اور تھانہ سہراب گوٹھ کی ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے۔
موقعے سے 30 بور پستول کے دو خول برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔