بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ: 93 افراد ہلاک، متعدد زخمی
جنوبی بھارت میں صبح سویرے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 93 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ کم از کم 250 افراد کو کیچڑ، گارا اور ملبے سے ریسکیو کیا گیا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ کی ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ہمیں مختلف ہسپتالوں میں 24 لاشیں موصول ہوئی ہیں اور کئی زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔
بعد ازاں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے صحافیوں کو بتایا ’اب تک 93 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، یہ ہماری ریاست کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید 128 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے کیرالہ حکومت کو صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ میری دعا زخمیوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔