بارشوں کے دوران فیڈرل بی ایریا میں درخت گرنے سے نوجوان جاں بحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) شہر قائد میں جاری مون سون بارشوں کے دوران فیڈرل بی ایریا میں درخت گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یوسف پلازہ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 منصورہ گراؤنڈ کے قریب درخت گرنے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 24 سالہ محمد سعد ولد عارف جمال کے نام سے ہوئی متوفی نوجوان گراؤنڈ میں درخت کے نیچے بیٹھا ہوا تھا کہ تیز ہواؤں کے باعث درخت نوجوان پر گر گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا ، پولیس نے اسپتال میں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ،متوفی انارکلی اپارٹمنٹ واٹر پمپ بلاک 16 کا رہائشی تھا ۔ متوفی کی نماز جنازہ گزشتہ روزبعد نماز عصرجامع مسجد المصطفی بلاک 14 میں ادا کردی گئی ۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، متوفی کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔