ٹریفک حادثات اور دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق اور میاں بیوی زخمی ہوگئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے کرنٹ سے جھلسی ہوئی لاش سمیت تین افراد کی لاشیں ملیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ٹریفک حادثات اور دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق اور میاں بیوی زخمی ہوگئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے کرنٹ سے جھلسی ہوئی لاش سمیت تین افراد کی لاشیں ملیں ۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے نیپاءپل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور میاں بیوی زخمی ہوگئے،متوفی اور مضروبین کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا،اسپتال میں متوفی کی شناخت 42 سالہ اشتیاق احمد ولد غلام فرید کے نام سے ہوئی ،جبکہ زخمی میاں بیوی کی شناخت 29 سالہ بلاول رضا ولد عاشق اور24 سالہ طوبہ زوجہ بلاول رضا کے نام سے ہوئی،اس حوالے سے پولیس مزید جانچ کررہی ہے۔سعید آباد کے علاقے بلدیہ سیکٹر 12 جی 27 بس اسٹاپ کے قریب واقع ایک زیر تعمیر مکان کی دیوار کا ملبہ سرپر گرنے کے نتیجے میں مزدور جاں بحق ہوگیا،متوفی کی لاش سول اسپتال لائی گئی ،اسپتال میں متوفی کی شناخت 27 سالہ اسد ولد حسن اللہ کے نام سے ہوئی،پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی ۔علاوہ ازیں گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے بحریہ ٹاون ندی کنارے جھاڑیوں سے کئی روز پرانی کرنٹ سے لگی جھلسی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش ملی ،اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچی اور لاش پوسٹ مارٹم کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی ،لاش کی عمر 40 سے 45 سالہ کے قریب بتائی جاتی ہے ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سردخانے منتقل کردی۔صدرکے علاقے صدراے ون بیکری کے قریب فٹ پاتھ سے50 سالہ شخص کی لا ش ملی ،جسے جناح اسپتال لائی گئی ،اسپتال میں لاش کی شناخت محمد خالد ولد گوہر رحمن کے نام سے ہوئی ،ابتدائی طور پر وجہ موت طبعی بتائی جاتی ہے،پولیس نے لاش کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی۔شاہرا ہ فیصل کے علاقے جوہر موڑملینیئم مال کے قریب چنگچی رکشے سے 50 سالہ شخص کی لاش ملی ،جسے جناح اسپتال پہنچائی گئی ،لاش کی شناخت عبدالحکیم ولد اللہ بخش کے نام سے ہوئی ،ابتدائی طور پر وجہ موت طبعی بتائی جاتی ہے ،جو پیشے سے رکشہ ڈرائیور اورگلستان جوہر کا رہائشی تھا،پولیس نے لاش کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی۔