22 سال بعد پاکستان نے اسٹریلیا کو اس کے میدان میں ون ڈے سیریز ہرا دی

0

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

دوسرے میچ کے بعد آج تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم آج بھی مکمل اوورز نہیں کھیل سکی۔

پرتھ میں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کُن میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آج بھی پاکستانی فاسٹ بولرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، نسیم شاہ نے 20 رنز پر پہلی اور شاہین آفریدی نے 36 رنز پر دوسری وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 10.5 اوورز میں 56 رنز پر گری، کپتان جوش انگلس کو نسیم شاہ نے 7 رنز پر آؤٹ کیا۔

کچھ ہی دیر بعد 13.5 اوورز میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 79 اور چھٹی 88 رنز پر گری۔ مارکس اسٹوائنس کو محمد حسنین اور گلین میکسویل کو حارث رؤف نے واپس پویلین بھیجا۔

آسٹریلیا کیخلاف 6 کیچ، محمد رضوان نے ورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا

میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ 26 ویں اوور میں 118 رنز پر گری، ایڈم زیمپا کو نسیم شاہ نے 13 رنز پر آؤٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی آٹھویں اور نویں وکٹ 140 رنز پر گری۔ یہ دونوں وکٹس شاہین آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک آسٹریلوی بیٹر کوپر کونولی ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے۔

ہدف کے تعاقب کا آغاز

پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگ کا آغاز کیا اور دونوں بیٹرز نے پُراعتماد انداز سے بیٹنگ کی اور 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 84 اور دوسری وکٹ 85 رنز پر گری، عبداللّٰہ شفیق 37 اور صائم ایوب 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان نے پارٹنر شپ قائم کی اور میچ 26.5 اوورز میں ختم کیا۔

بابر اعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.