پسند کی شادی کی چاہت کرنے پہ گھر والوں نے لڑکی کو گنجا کر دیا
کراچی()پسند کی شادی کی خواہش کرنا 21سالہ نوجوان تعلیم یافتہ لڑکی کو مہنگا پڑگیا’ ماں باپ سمیت چچا اور دادی نے ملکر گنجا کردیا’ واقعے کا مقدمہ قائد آباد پولیس اسٹےشن میں ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کی ملازمہ کی مدعیت میں والدین سمیت دیگر کے خلاف درج کرلیاگیا۔ لڑکی پر تشدد بھی کیاگیا SSPملیر اطلاع پر قائد آباد تھانے پہنچ گئے متاثرہ لڑکی کو انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس اسٹےشن کی حدود میں واقع فردوس چالی لانڈھی کی21سالہ رہائشی ناز فاطمہ کے ساتھ گھر میں بدترین تشدد اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا۔ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس میں بطور نرس خدمات انجام دینے والی ناز فاطمہ کو پسند کی شادی کی خواہش کرنا مہنگا پڑگیا والدین نے سمجھایا انکار پر پہلے تشدد کیا پھر سر مونڈ ڈالا’ ناز فاطمہ پر تشدد اور گنجا کرنے پر والدین’ چچا اور دادی کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ناز فاطمہ نے پولیس کو بتایا کہ پسند کی شادی کی خواہش کی تھی جس پر والدین آپے سے باہر ہوگئے۔پولیس نے ناز فاطمہ کی مدعیت میں قائد آباد پولیس اسٹےشن میں مقدمہ نمبر 831سال 2024سنگین دفعات کے تحت درج کرلیا ہے۔ جس میں مدعیہ نے بیان میں پولیس کو بتایا کہ والدین میں طلاق ہوچکی ہے اور میں قذافی ٹاؤن میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہوں والدین سے پسند کی شادی کی خواہش کی تھی جس پر خاندان کے چند افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا اور سر مونڈ ڈالا SSPملیر کاشف آفتاب عباسی ناز فاطمہ کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز واقعے پر تھانے پہنچ گئے اور لڑکی کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔