سال نو ,شہر فائرنگ سے گونج اٹھا 27 افراد زخمی

0

کراچی () ہر سال کی طرح اس سال بھی سال نو کے موقع پر کراچی کے شہریوں نے آئی جی سندھ ،کراچی پولیس چیف سمیت حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ۔ کراچی پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اعلانات ، اقدامات ، سوشل میڈیا آگاہی مہم ، اقدام قتل کے مقدمات درج کئے جانے سمیت تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ رات کے 12 بجتے ہی شہر بھر میں جدید اسلحے سے کی جانے والی ہوائی فائرنگ کی خوف ناک آوازوں سے گونج اٹھا ، اندھی گولیاں لگنے سے شہر کے مختلف علاقوں سے خواتین اور بچوں سمیت 27افراد زخمی ہوگئے ۔ جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر پر منچلے نو جوان موٹر سائیکلوں پر نکل آئے۔ منچلوں نے سی ویو کا رخ کیا بائیکوں کے سلینسر نکال کر شورشراباکرتے رہے ۔، بیشتر مقامات پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہو گیا ، جبکہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے 3افراد کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ بر آمد کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ پر پابندی کی سختی سے عملدرآمد کرنے کے اعلانات ، آگاہی مہم اور سخت انتظامات کے پولیس دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے رات 12 بجتے ہی شہر شدید ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ منچلے نوجوان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے ، ہوائی فائرنگ کی صورتحال پورے کراچی میں دیکھنے کو ملی، زیادہ تر ہوائی فائرنگ شہریوں نے اپنے گھروں کی چھتوں سے کی ، جن علاقوں میں سب سے زیادہ ہوائی فائرنگ کی گئی ہے ، جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو ز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کرتے دکھائی دئیے ۔شہر میں جن علاقوں میں سب سے زیادہ ہوائی فائرنگ کی گئی ان میں لیاری ٹاؤن ، صدر م سرجانی ٹاؤن ، رامسوامی ،نارتھ کراچی ، کٹی پہاڑی ، پہاڑ گنج ، صفورا ، گلشن معار گلستان جوہر ، اورنگی ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن ، مواچھ گوٹھ ، رئیس گوٹھ ، مشرف کالونی ، بنارس ، میٹروول ، شیرشاہ ، لیاقت آباد ، سولجر بازار ، گلشن اقبال ، ڈیفنس ، کیماڑی ، مچھر کالونی ، لائنز ایریا ، پی آئی بی ، جہانگیر روڈ ، ماڑی پور، اتحاد ٹاؤن ،قائد آباد ، شاہ فیصل ، فیڈرل بی ایریا ، عزیز آباد ، چینسر گوٹھ م اعظم بستی م گولیمار ، رضویہ منگھوپیر ، شیریں جناح کالونی کے علاقے شامل ہیں ۔ ہوائی فائرنگ کے خوف سے رات گئےدیر تک کھلے رہنے والے ہوٹل ، جنرل اسٹور بھی شہریوں نے بند کردئیے ۔ جبکہ سڑکوں اور گلی محلوں میں خوف کا سماں رہا ۔ ہوائی فائرنگ روکنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنےکیلئے مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی خواتین پولیس اہلکاروں کے ہمراہ تعینات رہی جبکہ ٹریفک اہلکار دہاؤنے کو کم کرنے کے لیے ٹریفک کو متبادل روٹس پر بھیجنے کی کوشش کرتی رہے، پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے سڑکوں پر نا کے تو لگائے گئے تھے تاہم شہر کے متعدد علاقوں کے گلی محلوں اور گھروں کی چھتوں سے شہریوں نے ہوائی فائرنگ کی ہے جنہیں روکنے کے لئے پولیس کے پاس کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں تھا، اور شہریوں نے آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف کی جانب سے دیئے جانے والے تمام احکامات کو روند ڈالا ۔بیشتر مقامات پر تعینات پولیس اہلکار بے بس نظر آئے اعلیٰ افسران کی جانب سے ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف اقدام قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کی دھمکی بے سود رہی ، شہر بھر کے مختلف علاقوں میں اندھی گولیوں کا نشانہ بننے والے افراد میں سپر مارکیٹ تھانے کی حدود لیاقت آباد چار نمبر جامع مسجد دارالصحت کے پاس اندھی گولی لگنے سے 17سالہ نوید ولد عابد زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔مذکورہ تھانے کی حدود لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب 32 سالہ فرحان ولد عبدالوکیل زخمی ہوگیا ۔لیاقت آباد کے علاقے بندھانی کالونی گلی نمبر مکان نمبر اے 88 میں اندھی گولی لگنے سے 24 سالہ کاشف ولد اسلم زخمی ہواجبکہ مذکورہ تھانے کی حدود دو نمبر بی ایریا میں 28 سالہ ریحان ولد سلیم زخمی ہوگیا ۔ فیروز آباد کے علاقے طارق روڈ پر 60 سالہ عبدالطیف زخمی ہوگیا۔پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 سی میں 24 سالہ راحیل ولد سلمان زخمی ہوگیا ۔ فیروز آبا د کے علاقے طارق روڈ نجی سپر مارٹ کے قریب گھرمیں گولی لگنے سے 26 سالہ مذلفہ خاتون دختر نور محمد زخمی ہوگئی ۔ کلاکوٹ کے علاقے لیاری میں گولی لگنے سے 25 سالہ عبدالرشید ولد عبدالرفیق زخمی ہوا مذکورہ تھانے کی حدود چیل چوک کے قریب 20 سالہ فراز ولد محمد اسلم اور زخمی ہوا ، بغدادی کے علاقے امی عائشہ مسجد کے قریب اندھی گولی سے 20 سالہ ذیشان ولد علی نواز زخمی ہوگیا ۔آرام باغ کے علاقے ڈینسو ہال کے قریب نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 23 سالہ حذیفہ ولد الطاف زخمی ہوگیا ۔ جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا دستگیر بلاک 14 میں 12 سالہ بچہ حمزہ ولد نذیر زخمی ہوگیا،مذکورہ تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک 14 برکت ہوٹل کے قریب 25 سالہ حارث ولد یوسف زخمی ہوگیا ۔ کلری کے علاقے آگرہ تاج غوثیہ روڈ پر اندھی گولی سے 20 سالہ محمد عامر ولد محمد اسماعیل زخمی ہوگیا ۔ گارڈن کے علاقے نشتر روڈ باغ ہالار کے قریب 55 سالہ عمر فاروق ولد محمد زخمی ہوگیا ۔ منگھو پیر کے علاقے صائمہ اربن لگژری کے قریب 17 سالہ کامران ولد غازی زخمی ہوگیا ۔ ماڈ ل کالونی کے علاقے ملیر ماڈل کالونی موڑ کے قریب 17 سالہ کم عمر نوجوان زخمی ہوگیا جس کی فوری شناخت نہیں ہوئی ، سچل کے علاقے فاریہ چوک کے قریب 35 سالہ عمار ولد روؤف زخمی ہوگیا ۔ لانڈھی کے علاقے جوبلی مارکیٹ کے قریب 22 سالہ اطیب ولد نجیب زخمی ہوگیا ۔ زماں ٹاؤن کے علاقے کورنگی چھ نمبر ڈگری کالج کے قریب 20 سالہ احسن ولد اقبال زخمی ہوگیا ۔ رات گئے آخری اطلاعات تک شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شہریوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں لانے کا سلسلہ بھی رات گئے تک جاری رہا ۔قائد آباد پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم ممتاز اور گلشن معمار پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے دو ملزمان عارف اور شہاب کو گرفتار کرکے قبضے سے لائسنس یافتہ پستول اور گولیاں بر آمد کرلی ۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.